ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بنٹوال میں دہی ہانڈی پھوڑنے کے چکر میں نوجوان کی موت

بنٹوال میں دہی ہانڈی پھوڑنے کے چکر میں نوجوان کی موت

Tue, 30 Aug 2016 12:10:26    S.O. News Service

بنٹوال 29؍اگست (ایس او نیوز)کرشنا جنم اشٹمی کے موقع پر محلوں اور میدانوں میں بہت اونچے مقام پردہی ہانڈی لٹکانا اور نوجوانوں کی ٹولیوں کا ہیومن پیرامیڈ بناکر اسے توڑنے کی کوشش کرنا ایک دلچسپ اور جوشیلا کام ہے مگر اس میں اکثر وبیشتر جان لیوا حادثے بھی ہوجاتے ہیں۔ مہاراشٹرا میں اس مہم جوئی کا بہت زور دیکھا جاتا ہے اور حادثے بھی یہاں بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ اسی پہلو کو نظر میں رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے بھی ایک مخصوص اونچائی سے زیادہ اوپر ہانڈی نہ لٹکانے کی ہدایت جاری کردی تھی، کیونکہ اس میں اکثر چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کی زندگیا ں تباہ ہوجاتی ہیں جو پیرامیڈ کے سب سے اونچے مقام پر ہوتے ہیں۔
ایسا ہی ایک دردناک حادثہ اتوار کے دن اڈپی تعلقہ کے بنٹوال میں پیش آیا جس میں دہی ہانڈی توڑنے کی مہم میں شامل ۲۲ سالہ نوجوان شیشیر اوپر سے گرجانے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا ہے۔کہتے ہیں کہ جب وہ کئی دہی ہانڈیاں توڑنے کے بعد آخری ہانڈی توڑنے کے قریب تھا تو پھسل کر سڑک پر گر گیا جس سے اس کے سر پر شدید چوٹ آئی ۔ اسپتال لے جانے کے باوجود اس پر علاج کارگر نہیں ہوا اور اس نے دم توڑ دیا۔
شیشیر کے بارے میں بتایا جاتا ہے وہ ایک باصلاحیت نوجوان تھا اور ممکری کرنے میں ماہر تھا جس کے لئے اسے ریاستی سطح کے مقابلوں میں انعامات بھی حاصل ہوئے تھے۔ وہ اے بی وی پی، آر ایس ایس اور رامنجنیا بھجن گروپ کا فعال رکن تھا۔ بی کام پاس کرنے کے بعد وہ پچھلے کچھ مہینوں سے بنگلورو میں نوکری کرنے لگاتھا ۔ اس پر خاندان کی آس اور امیدیں ٹکی ہوئی تھیں۔ اتوار کے دن صبح وہ بنگلوروسے تہوار منانے کے لئے اپنے گھر پہنچا تھا اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے موت کا شکار ہوگیا۔جس سے اس کا خاندان بری طرح صدمے کا شکار ہوگیا ہے۔


Share: